لاہور(صباح نیوز)اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہانڈی میں سامان چلا گیا دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابال آتا ہے، پہلا ابال آ جائے پھر بتائیں گے، اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے کچھ تو نکلے گا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ وہ اس معاملے پر گھبرائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے اچھے اقدامات کیے، پیڑول اور بجلی کی قیمتیں کم ہونے سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔
ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ کا بھی وزیراعظم کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام ہے؟ جس پر چودھری پرویزالہی نے قہقہہ لگایا اور کہا کہ عمران خان گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔
پرویز الہی نے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کی روک تھام کیلئے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں، پیٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہو گا، بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں،۔ان کا کہنا تھا کہ اگلے 48 گھنٹوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان ہی بتا سکتے ہیں۔