عمران خان کا ہراعلان جھوٹا،اقتدار بچانے کیلئے ہے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے اعلانات کو بہروپیے کی نئی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان عوام جانتی ہے کہ آپ کا اب ہر اعلان جھوٹا ہے اور اپنے اقتدار کی ڈوبتی کشتی بچانے کے لئے ہے۔

ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ 70 روپے پٹرول کی قیمت بڑھا کر 10 روپے ریلیف دینا دھوکہ نہیں تو اور کیا ہے، 70 روپے کی کمی کریں تاکہ عوام کا بھلا ہو ۔عمران خان عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں بھیک مانگ کر گزارا کرنے والے عمران خان ریلیف کے لئے پیسے آپ کی اے ٹی ایمز دیں گی؟صحافیوں کی پسلیاں توڑنے کے لئے آرڈیننس لاتے ہیں، پھر واپس لینے کا اعلان کرتے ہیں؟