اگلے 48 گھنٹے اہم ہیں بڑی خوشخبری آئے گی،مولانا فضل الرحمان


اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن اتحادپاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئندہ 2 سے 3 دنوں کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑی خوشخبری آجائے گی۔

میڈیا سے غیر رسمی گفتگومیں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا اگلے2 سے3دن بہت اہم ہیں اگلے 48 گھنٹے میں بڑی خوشخبری آجائیگی۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف سے مسلسل رابطے میں ہوں تحریک عدم اعتماد اور اجلاس کی ریکوزیشن دونوں پر غور ہو رہا ہے ہماری لیگل ٹیم رابطے میں ہے سارے امور کو دیکھا جا رہا ہے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی لیڈرشپ اس وقت مسلسل رابطے میں ہے حکومتی اتحادیوں سے بھی ہم سب رابطے میں ہیں۔اس پر پی ڈی ایم سربراہ نے جواب دیا کہ میں 100 فیصد یقین کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ تحریک عدم اعتماد پر اس بار کامیابی یقینی ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کسے کیا ملے گا؟ اس پر جواب دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کیا آپ کو سب کچھ بتادیں؟ اتنا کافی ہے اب اپوزیشن میں کسی نکتے پر کوئی اختلاف نہیں۔ اپوزیشن تمام حل طلب امور پر اتفاق رائے کرکے بہت آگے پہنچ چکی، اپوزیشن نے اپنے تمام اراکین اسمبلی کو اسلام آباد فوری پہنچنے کی ہدایت کردی۔