راولپنڈی (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے ملاقات کی ،ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا،
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے مثر اقدامات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ایرانی فضائیہ کے کمانڈر سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔