خلع کی صورت میں بیوی وصول شدہ حق مہرشوہر کو 100 فیصد واپس کریگی، وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی شرعی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے  کہ خلع کی صورت میں بیوی وصول شدہ حق مہرشوہر کو 100 فیصد واپس کریگی۔وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی نے خلع کی صورت میں حق مہرشوہر کو 100 فیصد واپس کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

فیصلے میں گہا گیا ہے کہ خلع کی صورت میں بیوی کو کل ادا شدہ حق مہر کا 25 فیصد واپس کرنے کا قانون غیرشرعی ہے۔ خلع کی صورت میں بیوی کو وصول شدہ حق مہر 100 فیصد واپس کرنا ہوگا۔ وفاقی شرعی عدالت نے کل ادا شدہ حق مہر 25 فیصد واپس کرنے سے متعلق پنجاب فیملی کورٹ ایکٹ کی دفعات کالعدم قرار دے دیں۔

عدالت نے پنجاب فیملی کورٹ ایکٹ کی دفعہ 10 کی ذیلی دفعات 5 اور 6 کالعدم قرار دیں جس کے مطابق خلع پر خاتون کوادا  شدہ حق مہر کا 25 فی صد واپس کرنا ہوتا تھا ۔ ایکٹ کے تحت خلع پر شوہر غیر ادا شدہ حق مہر کا پچاس فی صد بیوی کو ادا کرنے کا پابند تھا۔

شیخ محمد اقبال کے وکیل اسلم خاکی ایڈووکیٹ نے کہا ہے شرعی عدالت کے فیصلہ کے تحت  پنجاب میں بھی خلع لینے والی خواتین کو سو فیصد حق مہر واپس کرنا ہو گا ۔