احساس رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں 1 کروڑ 95 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، ثانیہ نشتر


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں کل 1 کروڑ 95 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی زیرِ صدارت احساس راشن رعایت کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کم آمدنی والے گھرانوں کیلئے اہلیت کے معیار میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اہلیت کے معیار میں تبدیلی کا فیصلہ زیادہ گھرانوں کو شامل کرنے کیلئے کیا گیا ہے، اب تک احساس راشن رعایت ویب سائٹ پر70 کروڑ کلکس موصول ہوئے، جن گھرانوں کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار سے کم ہے وہ اپنی رجسٹریشن 8171 پر کروا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں کل 1 کروڑ 95 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، مجموعی طور پر 93 لاکھ گھرانوں نے درخواستیں جمع کروائیں۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے مزید کہا کہ پروگرام کے تحت گھرانوں کی اہلیت کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔

واضح رہے کہ اجلاس میں سماجی تحفظ ڈویژن، فنانس، انڈسٹریز اور پروگرام میں شامل صوبوں کے اعلی افسران نے شرکت کی۔