اسلام آباد (صباح نیوز) سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر2024 میں کارکنوں کی ترسیلات کی مالیت 3.1 ارب ڈالر رہی، جو سالانہ بنیاد پر 29.3 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے جس پر وزیراعظم میاں شہبازشریف نے قوم کو مبارکباد دی ہے ۔سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے دسمبر 2024 کے دوران ترسیلات کا مجموعی حجم 17.8 ارب ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں یہ حجم 13.4 ارب ڈالر تھا۔رپورٹ کے مطابق پہلی ششماہی میں ترسیلات میں 32.8 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ اقتصادی استحکام کی علامت ہے، سعودی عرب 770 ملین ڈالر کی ترسیلات کے ساتھ سرفہرست رہا، جس نے پاکستانی کارکنوں کی معیشت میں اہم کردار ادا کیا
۔وزیراعظم نے دسمبر 2024 تک 3.1 بلین ڈالر کی ترسیلات زر وصول ہونے پر قوم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترسیلات نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فیصد زیادہ ہیں، اور ایک سال میں ان میں 29.3 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہے، اور یہ ترسیلات زر اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی بھائیوں اور بہنوں نے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے سے ملکی معیشت کا پہیہ جام کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دعوے دھرے رہ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔