اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی نے پی ٹی آئی کے دونوں مطالبات تحریری طور پر حکومت کی کمیٹی کو دینے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا مذاکرات کے لئے تیسری نشست ضرور ہونی چاہیے۔ بانی نے کہا کہ اگر اس کے بعد مذاکراتی ٹیم کی ملاقات نہ کروائی گئی تو مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈیل کا تاثر بانی پہلے ہی زائل کر چکے ہیں۔