مظفر آباد:متحدہ جہاد کونسل جموں وکشمیر نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کی طرف سے آزاد کشمیر کو حقیقی بیس کیمپ بنانے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے ۔ اور اس سلسلے میںفوری عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ترجمان متحدہ جہاد کونسل سید صداقت حسین کے مطابق ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کی۔واضح رہے کہ 5 جنوری 2025 کو مظفر آباد میں ایک عوامی تقریب سے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور دس لاکھ بھارتی فوج کو نکالنے کے لئے جہادی کلچر واپس لانا ہوگا۔جہاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
اجلاس میں اس بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ جہاد ہی وہ واحد راستہ ہے ،جس کے ذریعے سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کیا جاسکتا ہے ۔کشمیری عوام کی پرامن جدوجہد کی ناکامی کے بعد ہی کشمیری قوم نے عسکری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا۔5 اگست 2019 کے بعد کے کشمیر کے میں بھارتی اقدامات نے اس حقیقت کو مزید واضح کردیا ہے کہ عسکری جدوجہد ہی ان کے خوفناک عزائم کا توڑ اور آزادی کشمیر کیلئے ایک راہ متعین کر سکتی ہے ۔
اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کے بیان کو حقیقت پر مبنی قرار دے کر ،اس پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ آزاد کشمیر متحدہ ریاست جموں کشمیر کا ایک اٹوٹ حصہ ہے اور اس حصے میں رہنے والے کشمیری مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم اور اس کی آزادی اور مسلم شناخت کو ختم کرنے کی بھارتی کوششوں کو تماشائی کی حیثیت سے نہیں دیکھیں گے بلکہ اپنا ہر ممکنہ کردار ادا کریں گے ۔اجلاس میں ہفتہ رفتہ کے شہدا کی بلندی درجات کی دعا کی گئی اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ حصول منزل تک جدوجہد جاری رہے گی ۔