نیویارک (صباح نیوز)اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ لبنان کے لاکھوں بے گھر افراد کی انسانی بنیادوں پر امداد کرے ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بمباری کے باعث لبنان کو فوری طور پر 371 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد کی ضرورت ہے تاکہ لاکھوں بے گھر افراد کی مدد کی جا سکے۔اقوام متحدہ کے انسانی بنیادوں پر رابطہ کار عمران رضا نے امید ظاہر کی کہ اب ان کی بحالی ممکن ہو جائے گی۔
تاہم انہوں نے کہا یہ اضافی فنڈنگ فوری درکار ہے، تاکہ ان بے گھرافرادکی زندگیاں بچانے کی کوششوں کو جاری رکھا جاسکے، کیونکہ یہ پہلے ہی بہت بری حالت میں ہیں اور بھوک سے دوچار ہیں۔یہ اپیل ابتدائی طور پر 10 لاکھ لبنانیوں ، شامیوں اور جنگ زدہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے کی گئی تھی تاکہ 2025 کے پہلے تین ماہ کے لیے ان کی ضروریات پوری ہو سکیں۔