وزیراعظم شہبازشریف نے امریکہ کو دوٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے،عظمی بخاری


لاہور (صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایک طرف مذاکرات کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے، دوسری طرف سول نافرمانی کا ڈرامہ رچا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے سرکردہ شیرو اور ٹائیگرز سوشل میڈیا پر اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر نہ بھیجنے پر اکسا رہے ہیں۔زلفی بخاری،شہباز گل اور شہزاد اکبر جیسے غیرملکی ٹاٹ اس مہم میں پیش پیش ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں نے فتنے اور فتنہ پارٹی کی ملک دشمنی کو ریجیکٹ کر دیا ہے اور انہوں نے  رواں سال ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ ریکارڈ زرمبادلہ بھیجے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیالہ جیل کے قیدی نے ڈیڑھ سال قوم کو بتایا میں امریکی غلامی سے آپکو آزاد کراں گا اور اب ایک مہینے سے امریکن لابی کو پاکستان میں مداخلت کرنے کی درخواستیں کر رہے ہیں۔ کئی بونے یہودی لابی کے اشاروں پر اپنے مہرے کو بچانے کیلئے آجکل سرگرم ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے امریکہ کو دوٹوک الفاظ میں ابسلوٹلی ناٹ کہہ دیا ہے۔

پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دے گا۔جنہوں نے امریکی غلامی سے آزادی حاصل کرنی تھی وہ اب امریکہ کو مداخلت کرنے کے لئے منتیں کر رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کا قیدی این آر او مانگنے کے لیے کسی کے بھی پاں پکڑنے کے لئے تیار بیٹھا ہے۔