واشنگٹن(صباح نیوز)امریکا نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں دارالحکومت صنعا میں میزائلوں کے ذخیرے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول تنصیب کو نشانہ بنایا گیا ہے۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں میزائلوں کے ذخیرے اورکمانڈ اینڈ کنٹرول سائٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
مشرق وسطی میں امریکی فوج کی کارروائیوں کی نگرانی کرنے والی امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نیکہاہے کہ ان حملوں کا مقصد حوثیوں کی کارروائیوں میں خلل ڈالنا اور انہیں کمزور کرنا ہے۔
سی این این کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران امریکی فورسز نے بحیرہ احمر کے اوپر حوثی باغیوں کے کئی ڈرونز اور اینٹی شپ کروز میزائل کو بھی مار گرایا ۔ گزشتہ روز یمن سے حوثیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر میزائل حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے۔
سینٹ کام نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ایران سے وابستہ گروپ اس سے قبل بحیرہ احمر، باب المندب اور خلیج عدن میں امریکی بحریہ اور تجارتی جہازوں پر حملے کر چکا ہے۔امریکی حملے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب رواں ہفتے حوثی باغیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان حملوں میں اضافہ ہوا ہے، اسرائیل نے جمعرات کو صنعا کے قریب بجلی گھروں سمیت یمن میں متعدد اہداف پر بمباری کی۔