امریکی بحریہ نے بحیرہ احمر میں اپنا ہی لڑاکا طیارہ مار گرایا

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی بحریہ نے بحیرہ احمر اپنا ہی لڑاکا طیارہ مار گرایا، واقعے میں جہاز میں سوار دونوں پائلٹ محفوظ رہے تاہم ایک پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئی ہیں

،امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ احمر میں امریکی بحریہ کی فرینڈلی فائرنگ کا نشانہ بننے والے امریکی لڑاکا طیارے کے دونوں پائلٹ بحفاظت باہر نکل آئے۔ابتدائی جائزوں کے مطابق پائلٹس کو ریسکیو کرلیا گیا ہے اور عملے کے ایک رکن کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔سینٹ کام کا کہنا ہے کہ لڑاکا طیارے ایف/اے 18 نے یو ایس ایس ہیری ایس ٹرومین سے اڑان بھری تھی اور یو ایس ایس گیٹس برگ نے غلطی سے اس پر فائرنگ کر دی۔

یو ایس ایس گیٹس برگ، ایک ٹیکونڈیروگا کلاس گائیڈڈ میزائل کروزر ہے جو کہ ٹرومین کیریئر اسٹرائیک گروپ کا حصہ ہے، جو ایک ہفتے قبل مشرق وسطی کے پانیوں میں داخل ہوا تھا۔امریکا غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے خطے میں بڑے جنگی بحری جہازوں کی مسلسل موجودگی برقرار رکھے ہوئے ہے کیونکہ یمن کے حوثی بحیرہ احمر، جو کہ دنیا کی مصروف ترین آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے، میں بحری جہازوں کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں اور ان حملوں کو حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ کا جواب قراردیتے ہیں۔