الیکشن کمیشن کا انتخابی نظام میں جینڈر شمولیت کے لیے ایک جامع فریم ورک کا اعلان


اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نظام میںجینڈر شمولیت کے لیے ایک جامع فریم ورک کا اعلان کردیا، “جینڈر مین سٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک2024 سے 2028 تک نافذ العمل ہوگا،منصوبے کا مقصد خواتین، اقلیتوں، معذور افراد اور خواجہ سرا کے لیے انتخابی عمل کو زیادہ سے زیادہ شمولیتی اور رسائی پذیر بنانا ہے۔منگل کواسلام آبادالیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں انتخابی نظام میں جینڈر شمولیت کے لیے ایک جامع فریم ورک کا اعلان کیا۔

“جینڈر مین سٹریمنگ اینڈ سوشل انکلوژن فریم ورک”(جی ایم ایس آئی ایف)2024 سے 2028 تک نافذ العمل ہوگا۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے اس موقع پر کہا کہ یہ فریم ورک ایشیا پیسیفک خطے میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو انتخابی عمل میں مکمل جینڈر اور سماجی شمولیت پر مرکوز ہے۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جینڈر ونگ نگہت صدیق نے وضاحت کی کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد خواتین، اقلیتوں، معذور افراد اور خواجہ سرا کے لیے انتخابی عمل کو زیادہ سے زیادہ شمولیتی اور رسائی پذیر بنانا ہے۔اس فریم ورک میں انتخابی قوانین، پالیسیوں اور طرز العمل کے جائزے اور ترمیم کے اقدامات شامل ہیں۔ اس کے لیے اکیڈمیا، پارلیمان، الیکشن کمیشن کے عملے اور خواتین کے سیاسی حقوق سے متعلق تنظیموں سے وسیع پیمانے پر مشاورت کی گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں کل ووٹروں میں خواتین کی تعداد 46 فیصد ہے۔ الیکشن کمیشن کا مقصد اپنے انتظامی ڈھانچے میں جینڈر اور سماجی شمولیت کے اصولوں کو مضبوط کرنا ہے۔شبیر احمد، کنٹری ڈائریکٹر آئی ایف ای ایس نے اس اہم اقدام پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد پیش کی۔