واشنگٹن(صباح نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کردیا ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل 60 روز میں جنوبی لبنان سے اپنی فورسز کو واپس بلائے گا اور حزب اللہ کے زیر کنٹرول علاقے کا کنٹرول لبنانی حکومت سنبھالے گی،
معاہدے کے مطابق حزب اللہ اپنے جنگجو اور اسلحے کو دریائے لطانی سے ہٹائے گی۔ امریکی صدر نے کہا کہ اسرائیل اور حزب اللہ نے جنگ بندی کی تجویز مان لی ہے، معاہدے سے دشمنی کا مستقل خاتمہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آنے والے دنوں میں امریکہ غزہ میں جنگ بندی کے حصول کے لیے ترکیہ، مصر، قطر، اسرائیل، اور دیگر ممالک کے ساتھ اضافی کوششیں کرے گا، یرغمالیوں کی رہائی کے ساتھ جنگ کے خاتمہ اور حماس کو اقتدار سے باہر رکھنے سے جنگ بندی کا حصول ممکن ہوجائے گا۔