نئی دہلی ، ماسکو(صباح نیوز)بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آئندہ ماہ روس کا دورہ کریں گے دورے کے دوران روس میں بھارتی نیوی کے لیے بنائے جانے والے دو جنگی بحری جہازوں کی کمیشن کی تقریب میں حصہ لیں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ آئندہ ماہ روس کا دورہ کریں گے جہاں پر کلیننگراڈ کے شپ یارڈ میں اسٹیلتھ فریگیٹ کا کمیشن کی تقریب میں حصہ لیں گے۔ تین روزہ دورہ 8 دسمبر سے شروع ہوگا، جس میں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اپنے روسی ہم منصب، اینڈری بیلاسوف کے ساتھ ملاقات کریں گے، اس کے بعد روس کے بالٹک علاقے میں واقع یانتر شپ یارڈ کا دورہ کریں گے، جہاں آئی این ایس توشیل بنایا گیا ہے۔ایڈمرل گریگورووچ کلاس فریگیٹس کو 2010 کی دہائی میں ڈیزائن کیا گیا تھا، جن میں سے چھ بحری جہاز روسی بحریہ کو مضبوط بنانے کے لیے تیار کیے گئے تھے۔ تاہم، اس منصوبے میں تاخیر اس وقت آئی جب یوکرین کے ساتھ تعاون ختم ہو گیا، روس کو تین جہازوں کی تکمیل کے لیے متبادل پاور پلانٹس تیار کرنے پڑے، جبکہ باقی تین جہازوں کو غیر فعال کر دیا گیا۔ بھارت نے 2018 میں ان میں سے دو خریدنے کا معاہدہ کیا، اور دو مزید جہازوں کو ہندوستان کے گوا شپ یارڈ میں روسی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بنایاجائے گا۔
یانتر شپ یارڈ نے پہلے بھی بھارت کی بحریہ کے لیے تین روسی ساختہ ٹل وار کلاس فریگیٹس بنائے ہیں، جو روس کے کریواک کلاس فریگیٹس سے مشابہ ہیں۔ آئی این ایس توشیل اور آئی این ایس تملا، جو کلیننگراڈ میں بنائے گئے ہیں اور بھارت کے حوالے کیے جانے کے لیے تیار ہیں، بھارتی فوج کے مطابق ایک ہی کلاس کے جہاز سمجھے جاتے ہیں۔ ان میں بھارت کی مخصوص کمیونیکیشن سسٹمز اور ہتھیاروں کے نظام استعمال کیے گئے ہیں۔ دوسرے جنگی جہاز کو 2025 کے اوائل میں کمیشن کیے جانے کی توقع ہے۔