ریاض (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے وفد کے ہمراہ سعودی عرب میں سپیکر شوری کونسل اور سعودی عرب پاکستان فرینڈشپ گروپ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شوری کونسل کے سپیکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون ، تجارتی تعلقات ، مسئلہ کشمیر و فلسطین سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے، ادارہ جاتی تعاون کے فروغ ، وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور عوامی روابط کو مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔
چیئرمین سینیٹ نے فلسطین اور کشمیر کے مسائل کے حل ، دنیا بھر میں مسلمانوں کے حقوق کے لئے سعودی عرب اور پاکستان کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر اقوام عالم کو آواز بلند کرنا ہوگی، اقوام متحدہ کی قراردادوں ، بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں قابل عمل حل ضروری ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر ، اسرائیلی فوج فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ، عالمی برادری نوٹس لے ، سعودی عرب کا پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر شکر گزار ہیں ۔ چیئرمین سینیٹ نے مشترکہ خوشحالی کے لئے ٹیکسٹائل، زراعت اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا