اسلام آباد(صباح نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے مطالبے پر سی ڈی اے بورڈ نے حج پر جانے والے ملازمین کی تعدادپچاس سے بڑھا کر ساٹھ کرنے کی منظوری دے دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ ہر سال پچا س کی بجائے 54مرداور 06خواتین بمعہ محرم حج کی سعادت حاصل کریں گے،واضح رہے کہ اس سے قبل ادارے کے 48ملازمین اور 02خواتین بمعہ محرم فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے جاتے تھے،
اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمدیسین نے حج کوٹہ میں اضافے کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا،بورڈممبران اور سی ڈی اے انتظامیہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ حج کوٹے میں اضافہ چیئرمین سی ڈی اے کا احسن اقدام ہے جس پر ہم چیئرمین سی ڈی اے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ ملازمین کے باقی ماندہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے اس سلسلے میں سی ڈی اے مزدور یونین اپنی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہے،
انھوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہمیشہ ملازمین کے مسائل مزدوریونین کے دوراقتدارمیں حل ہوئے ہیں،حج پالیسی پیشہ ورلیڈرکے دوراقتدار میں بند ہوئی اور الحمدللہ 2006میں پہلی دفعہ بطور سی بی اے کامیابی حاصل کرنے کے بعد حج پالیسی بحال کروائی اورپانچ ملازمین کو حج کا فریضہ اداکرنے کے لیے روانہ کیا اور آج اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ساٹھ ملازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے،انھوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد مزدوروں کی فلاح وبہبوداور انکی بلاتفریق خدمت ہے، سی ڈی اے مزدور یونین مذاکرات پر یقین رکھتی ہے اور مزدوروں کی خدمت کے جذبے کو اسی طرح جاری رکھے گی اور جلد ہی مزدوروں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے۔