کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری محمد یوسف نے کرم ایجنسی پارا چنار میں دہشت گردی کے المناک واقعے میں 45نہتے معصوم شہریوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردی کے پے درپے واقعات نے پوری قوم کو ہلاکر رکھ دیا ہے، حکمرانوں اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے بار بار دہشتگردوں کی کمر توڑنے کے بلند بانگ دعووں کے باوجود اس طرح کے واقعات کا مسلسل رونما ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ پارہ چنار اور کرم ایجنسی سمیت کے پی میں دہشتگردی کے واقعات میں ملوث لوگوں کو پکڑا جاتا تو آج اسطرح کا واقعہ رونما ہی نہ ہوتا،ایک چھوٹے سے علاقے پارہ چنار میں گذشتہ کئی سالوں سے متحارب قبائل متصادم ہیں ہزاروں لوگ شہید ہوچکے مگر حکومتی دعووں اور آپریشن کے باوجود ابھی تک امن کیوں بحال نہیں ہوسکا،کرم ایجنسی میں مسافر گاڑیوں پر دہشت گردی کا یہ دلخراش واقعہ پی ڈی ایم اور کے پی میں پی ٹی آئی حکومت کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔
ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات معنی خیز ہیں حکومت کو دہشت گردانہ کارروائیوں کے تدارک اور عوام کے تحفظ کے لئے عملی اور قابل عمل اقدامات کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں،مذکور واقعہ اسلام دشمن عناصر کی کارستانی ہے، واقعہ میں ملوث عناصرکو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اور تمام ریاستی ادارے پارہ چنار سمیت پورے ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کا فوری نوٹس لیکر امن و امان قائم کروائیںتاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔#