ہمارا ہدف نوجوان عورت ہے جس نے آگے چل کر نسلوں اور خاندانوں کی تربیت کا بیڑا اٹھانا ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق


 کراچی (صباح نیوز)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ ہمارا ہدف نوجوان عورت ہے جس نے آگے چل کر نسلوں اور خاندانوں کی تربیت کا بیڑا اٹھانا ہے،ممبر شپ میں قابل فخر پیش رفت ہوئی مگر اس سے اہم ذمہ داری افراد کو تحریک کا گراں قدر حصہ بنانا ہے،ہماری ساری تگ و دو اللہ کے راستے کے لیے ہے ، کوئی دنیاوی لالچ یا تنخواہ مقصود نہیں ہے لہذا جذبہ ایمانی کو تقویت دینے والی تحریک سے وابستہ ہونا ہماری خوش قسمتی بھی ہے اور اس کے تقاضے  بھی بہت اہم ہیں ۔

ان  خیالات کا اظہار سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کراچی میں ناظمات اضلاع کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا –

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تبدیلی امامت کے لئے کھڑی ہے-اس کے تمام ممبرز کو اس مشن میں اپنا حصہ لازم ڈالنا ہو گا – ہم خاندانی نظام کی بقا اور  نسلوں کی تربیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اگلی نسلوں کوبچانا ہماری ترجیح ہے- انہوں نے مزید کہ اس وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پاکستان کی سلامتی جیسے موضوعات پرہر سیمینار اور ہر کانفرنس میں بات کی جائے-  نوجوان نسل میں امید کی کرن پیدا کی جائے – اپنے وسائل نوجوانوں پر لگائیں اور ان کو علم و ہنر سے مزین کیا جائے –

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جماعت اسلامی کی مقبولیت سب سے زیادہ ہے – الحمداللہ جماعت اسلامی نے بھی عوامی خدمت کے ذریعے اہل کراچی کے دلوں میں جگہ بنائی ہے – اور اسے قائم بھی رکھنا ہے -کراچی میں ادارہ نور حق میں اضلاع کے رپورٹ پروگرام میں تمام اضلاع کی رپورٹس پر تبصرہ بھی کیا گیا -رپورٹنگ اجلاس میں ڈپٹی سیکرٹریز ثمینہ سعید ، عطیہ نثار، ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب، عذرا جمیل ، جاوداں فہیم ،نازیہ توحید، عظمی عمران بھی موجود تھیں۔