اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزارت مذہبی امور اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے درمیان حج پروازوں کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے۔معاہدے کے تحت قومی ایئر لائن پینتیس ہزار عازمین کو سفری سہولت فراہم کرے گی جو سرکاری سکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ایک ترجمان کے مطابق سعودی ایئر لائنز اور دیگر ڈومیسٹک ایئر لائنز بھی معاہدوں کو جلد حتمی شکل دیں گی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق، قومی ایئرلائن 35 ہزار سرکاری حجاج کرام کو سفری سہولت مہیا کرے گی۔ ترجمان نے کہا کہ معاہدے پردستخط گزشتہ روز وزارت مذہبی امورمیں کیے گئے۔
پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات اور ایڈیشنل سیکریٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاالرحمن نے معاہدے پردستخط کیے، پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے حجاج کرام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔دوسری جانب، ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج آپریشنز کے لیے سعودی ایئرلائن اور دیگر مقامی ایئر لائنز سے بھی جلد معاہدے مکمل کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پیر کو وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ ملا ہے، کوٹے کا نصف 79 ہزار 600 افراد برابر سرکاری و نجی طور پر تقسیم ہوں گے۔ نجی حج اسکیم میں اسپانسر شپ اسکیم کے لیے 30ہزار نشستیں مختص ہوں گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری سالک نے بتایا تھا کہ حج کے لیے 2 ہزار لوگوں کا گروپ تشکیل دیا جائے گا، 2 لاکھ روپے کے ساتھ حج درخواست جمع ہوسکے گی اور 4 لاکھ روپے قرعہ اندازی کے بعد جب کہ باقی حج سے قبل فروری تک دینا ہوں گے۔