کشمیر کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ انجنئیر امیر مقام


 پلندری(صباح نیوز) بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی برسی کی تقریب میں وزیر امور کشمیر انجنئیر امیر مقام نے  شر کت کی اس موقع پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر  مشتاق احمد،  امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان،  ریٹائرڈ جج جسٹس سردار عبدالحمید خان، سابق وزیر حکومت سردار فاروق احمد طاہر، ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل ملک حنیف  نے بھی خطاب کیا  وزیر امور کشمیر انجنئیر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔ ہندوستان سن لے آرٹیکلز 370 اور 35 اے کے خاتمہ سے مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوا۔ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہر محاز پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔  پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ دیدہ دلیری سے پیش کیا۔  مقبوضہ کشمیر کی عوام نے الیکشن میں مودی کی پارٹی کو مسترد کر دیا۔ آزاد کشمیر کا خطہ پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہے۔  افواج پاکستان  ملک کے دفاع کے لیے اپنی جان کے نذرانے پیش کر رہی ہے۔پاکستانی اور کشمیری عوام بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی سیاسی، سماجی اور مذہبی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ خان صاحب نے اپنی زندگی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے صرف کی۔ کامیاب قومیں اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چل کر  اپنی منزل کا تعین  کرتی ہیں۔ خان صاحب نے اپنی زندگی  لوگوں کے لیے صرف کر رکھی تھی۔ مجھے فخر کے آج شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین پر خان صاحب کی برسی میں شریک ہوں۔  کشمیر کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے۔ میرپور، مظفرآباد، مانسہرہ موٹر وے کی تعمیر ضرور ہو گی۔ رٹھوعہ ہریام بریج کی تعمیر کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔  یہاں کے لوگوں کو پاکستان کی نسبت سستی بجلی میسر ہے۔ انتشار پھیلانے والے کیوں نہیں سوچتے کے یہ خطہ ہر لحاظ سے آزاد ہے اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے لیے لاکھوں لوگوں نے جان قربان کی ہے وہاں خواتین کی عصمت دری کی جاتی ہے آواز اٹھانے پر موت ملتی ہے۔  ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر امور کشمیر انجنئیر امیر مقام نے سدھنوتی میں کرنل خان محمد خان  کی سالانہ برسی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کی صدارت میجر ریٹائرڈ سکندر خان نے کی۔ وفاقی وزیر انجنئیر امیر مقام نے گزشتہ دنوں سدھنوتی کے بہادر آفیسر میجر عاطف خلیل کی شہادت پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی۔ وزیر امور کشمیر نے کرنل خان محمد خان کے مزار پر بھی حاضری دی پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر و ممبر آزاد جموں کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ  کرنل خان محمد خان ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروائیں گے۔  انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف صرف یہاں کے لوگوں کے سہولت کار تھے ان کی بہتری اور آزادی ہی ہمارے آباؤ و اجداد کا نصب العین تھا۔  شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ ہندوستان کو  اس  خطہ میں افراتفری پھیلا کر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔  ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔ افواج پاکستان کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جو ہماری حفاظت کے لیے اپنی جان کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر الحاج  سردار محمد  یعقوب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین سدھنوتی پر کرنل خان محمد خان کی برسی کی تقریب سے ہم ہندوستان کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جس طرح ہمارے آباؤ و اجداد نے یہ خطہ آزاد کروایا تھا ویسے ہی مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروایں گے۔ میزبان تقریب سابق وزیر حکومت ڈاکٹر نجیب نقی خان  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب کی خدمات کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی برسی پر تشریف لانے والے زعماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر  مشتاق احمد،  امیر جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف خان،  ریٹائرڈ جج جسٹس سردار عبدالحمید خان، سابق وزیر حکومت سردار فاروق احمد طاہر، ممبر آزاد جموں و کشمیر کونسل ملک حنیف سمیت دیگر مقررین نے بھی بابائے پونچھ کرنل محمد خان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ کشمیر آزاد کروایا جائے گا۔قبل ازیں پاک فوج کے دستہ نے کرنل خان محمد خان کے مزار پر سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کے گلدستے رکھے