جماعت اسلامی کی ضلع اسلام آباد میں ممبر سازی مہم بھر پور طر یقے سے جاری


اسلام آباد (صباح نیوز) جماعت اسلامی اسلام آباد کی ممبر سازی مہم بھر پور طر یقے سے جاری ہے اسلام آباد کی تمام یونین کونسلوں میں بڑی تعداد میں  جماعت اسلامی کے کار کنان گھروں، مارکیٹوں، ہوٹلز، ڈیروں میں جا کراور مساجد کے باہر کیمپ لگا کر شہریوں کو جماعت اسلامی کی ممبر شپ کی دعوت دے رہے ہیں،

اسلام آباد میں اب تک80ہزار سے زائدافراد نے رضا کارانہ طور پر جماعت اسلامی کی ممبر شپ اختیار کر تے ہو ئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حا فظ نعیم الرحمن کی قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار کیا ہے، ممبر سازی مہم کے سلسلے میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رند ھاوا، ملک عبدالعزیز، ناظمین زون و یونین کونسل مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

اس موقع پر میاں محمد اسلم نے شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن وسنت کے نظام کے قیام کے لئے حقیقی معنوں میں جدو جہد کر رہی ہے اور اس کے لئے ہمیں بڑی تعداد میں عوام کی تائید اور حمایت درکار ہے ، اور اسی لئے جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم جاری ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس عوامی تحریک میں جماعت اسلامی کے ممبر بنیں اور استحصالی نظام کے خا تمے کے لیے اپنا کرداد ادا کر یں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اضافی بجلی پر نہیں براہ راست تمام یونٹس پر بجلی کی قیمت کم کی جائے، ونٹر پیکج گھن چکر اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، متعدد آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی، نظر ثانی پرحکومت خود سینکڑوں ارب کی بچت کا اعلان کررہی ہے، تو پھر بنیادی ٹیرف میں کمی کیوں نہیں کی جارہی؟۔میاں محمد اسلم نے کہا کہ ملکی معیشت کا پہیہ چلانے کے لیے بجلی، تیل، گیس کی قیمتیں قابلِ برداشت اور ٹیکسوں کے ناجائز بوجھ کا خاتمہ کرنا ہوگا، عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی، یہاں اضافہ کردیا گیا، عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے جارہے ہیں،حکومت پٹرول کی قیمتوں میں کم ازکم100روپے فی لٹر کمی کرے اور بجلی کا ٹیرف اور پٹرول کی قیمت میں کمی کیے بغیر معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، 60روپے فی لٹر لیوی ظلم ہے۔