اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈاپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ کا مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کو یوم اقبال کے موقع پر خراج عقیدت۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کااپنے بیان میں کہناتھاکہ علامہ اقبال ایک عظیم شاعر اور مفکر تھے،علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلم امہ میں خودی اور جدوجہد کا جذبہ بیدار کیا،اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ وطن کے حصول کی راہ دکھائی،اقبال کی فکری رہنمائی نے تحریکِ آزادی کو نئی روح بخشی،اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، اتحاد، اور خود پر اعتماد کا شعور پیدا کیا،اقبال کا پیغام اتحاد، نظم اور ایمان کی تعلیم دیتا ہے۔
سردارایاز صادق کاکہناتھا کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل میں اقبال کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے،آئندہ نسلوں کو اقبال کے افکار سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، اقبال کی تعلیمات میں مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل موجود ہیں،اقبال کا پیغام ہمہ گیر، ابدی اور ہر قسم کے امتیازات سے بالاتر ہے، علامہ اقبال یقین محکم رکھتے تھے کہ مسلمان اتحاد کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ پا سکتے ہیں۔ جبکہ ڈاپٹی اسپیکر سیدغلام مصطفی شاہ کااپنے بیان میں کہنا تھا کہ علامہ محمد اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودی، خود اعتمادی اور قومیت کا درس دیا، اقبال کی شاعری نے مسلمانوں کو اپنی اصل روحانی اور فکری جڑوں سے جڑے رہنے کی ترغیب دی، علامہ محمد اقبال کی اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کی تعلیمات آج بھی ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہیں،اقبال کا تصورِ خودی مسلمانوں کو ان کی اندرونی طاقت کا احساس دلاتا ہے،ان کے نزدیک مسلمان شاہین کی مانند ہونا چاہیے، جو بلند پرواز، خود مختار، اور جری ہوتا ہے اور اپنی دنیا خود بناتا ہے،علامہ اقبال نے مسلمانوں میں خود مختار اور باوقار بن کر آزمائشوں کا مقابلہ کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔
سید غلام مصطفی شاہ کاکہناتھاکہ علامہ اقبال کے افکار میں اسلامی تہذیب و ثقافت کا بھرپور رنگ موجود ہے، جو ہمیں اپنی اصل پہچان کی یاد دلاتا ہے، آج ہمیں اقبال کے افکار کو اپناتے ہوئے تعلیم، ترقی اور اتحاد کے ذریعے ملک کو خوشحال اور خود مختار بنانا ہے،نوجوان نسل میں اقبال کے خیالات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں،علامہ اقبال کے پیغامات میں موجودہ علاقائی اور عالمی اختلافات اور تقسیمات کا حل مضمر ہے،ہمیں اقبال کے خواب کو حقیقت میں ڈھالنے اور وطن عزیز کی خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ZS