پارلیمنٹ لاجز میں نئے بلاک کی تعمیر اور تزین و آرائش کو جلد از جلد مکمل کیا جائے سیدال خان


اسلام آباد(صباح نیوز) قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پارلیمنٹ ہاس میں ملاقات کی.ملاقات میں پارلیمنٹ لاجز میں نئے بلاک کی تعمیر سمیت پارلیمنٹ لاجز کی تزین و آرائش، مرمت اور پارلیمنٹ لاجز سے متعلقہ امور بجٹ، مختص کیئے گئے بجٹ اور خرچ کیئے گئے بجٹ کے  معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان کو 2012 سے 2024 تک مختص کیے گئے اور خرچ ہونے والی بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کو انہوں نے ہاوس کمیٹی سے متعلقہ امور پر بھی تفصیلی بریف کیا۔قائمقام چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ لاجز میں نئے بلاک کی تعمیر اور تزین و آرائش اور مرمت کے  کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ پارلیمنٹیرینز کی رہائش کے مسئلے کو حل کیا سکے۔

قائمقام چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں نئے بلاک کی تعمیر کا منصوبہ عرصے سے التوا کا شکار ہے بہتر یہی ہے کہ اس کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے تاکہ معاملات میں بہتری لائی جا سکے۔ قائمقام چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا کہ منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے سے نہ صرف قومی خزانے کے ضیائع کو روکا جا سکتا ہے بلکہ اس سے ترقی و خوشحالی بھی یقینی ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ وہ منصوبہ جات جو عرصہ دراز سے جا رہی ہیں کوشش کی جائے کہ ان کو بروقت مکمل کیا جائے۔

قائمقام چیئرمین سینیٹ کو پارلیمنٹ لاجز میں PWD  سے متعلق امور سے بھی تفصیلی آگاہ کیاکیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے میگا ترقیاتی منصوبہ جات اور دارالحکومت کو مزید خوبصورت بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے بھی آگاہ کیا۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد دنیا کے خوبصورت ترین شہروں میں سے ایک ہے اس کے ترقیاتی منصوبوں کو مزید بہتر اور جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔اسلام آباد کی خوبصورتی میں درختوں کا بھی کلیدی کردار ہے نئی شجر کاری مہم اور پارکوں کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں ۔