اسلام آباد نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا مثالی شہر بنے گا، وزیراعظم محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرینہ چوک منصوبہ 2 ماہ اور ایف نائن منصوبہ 3 ماہ میں مکمل کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسلام آباد اور گردونواح کی خوشحالی و ترقی کے منصوبوں کا آغاز ہے، ایس سی او کے کامیاب انعقاد پر نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر اطلاعات و نشریات اور سکیورٹی اداروں سمیت تمام شراکت داروں کا شکرگزار ہوں، اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنا کر اسے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جناح ایونیو نائنتھ ایونیو انٹرسیکشن اور سرینہ چوک کنونشن سنٹر انٹرسیکشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف نائن اور سرینہ چوک پر دو منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے، یہ اسلام آباد اور گردونواح کی خوشحالی و ترقی کے منصوبوں کا آغاز ہے، ایف نائن فلائی اوور کا منصوبہ 6 ماہ میں مکمل ہونا تھا اب تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا، اسی طرح سرینہ چوک کا منصوبہ 2 ماہ میں مکمل ہو جائے گا، اسلام آباد کے رہائشیوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کو تیزی سے منصوبوں کی تکمیل پر سراہتا ہوں، انہوں نے پنجاب والا اپنا ریکارڈ برقرار رکھا ہوا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس پرامن انداز میں بخوبی سرانجام پائی، اس کانفرنس کیلئے وزیر داخلہ اور چیئرمین سی ڈی اے کی ٹیم نے اسلام آباد کو خوبصورت بنانے کیلئے دن رات کام کیا، وہ دیدنی تھا، وزیر اطلاعات نے کانفرنس سنٹر کی تزئین و آرائش کیلئے سی ڈی اے سے مل کر بھرپور کام کیا،

وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم اور وزیر اطلاعات و نشریات اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، انہوں نے دن رات محنت کرکے ایس سی او کانفرنس کو ہر طرح سے کامیاب بنایا، نائب وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے بھی اس کانفرنس کی کامیابی میں بھرپور کام کیا، ان کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آرمی چیف سید عاصم منیر کی ہدایات پر راولپنڈی 10کور اور ایس ایس جی کور نے سکیورٹی فراہمی میں بھرپور معاونت کی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے، کئی دہائیوں بعد پاکستان کو مہمان نوازی کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے وزیراعظم، روس کے صدر سمیت اہم ممالک کے سربراہان پاکستان آئے،

انہوں نے اسلام آباد کی خوبصورتی کو سراہا،ہمیں اپنے شہر کی اس خوبصورتی کو نہ صرف برقرار رکھنا ہے بلکہ اس میں اضافہ کرنا ہے تاکہ سال بھر جو ملک اور بیرون ملک سے مہمان آئیں وہ اس کی خوبصورتی کو دیکھ کر عش عش کر اٹھیں، اسلام آباد قدرتی حسن سے مالا مال ہے، اس میں مزید نکھار آئے گا اور یہ سیاحوں کا مرکز بن جائے گا، یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کا مثالی شہر بنے گا۔اس موقع پر وزیراعظم نے جناح ایونیو نائنتھ ایونیو انٹرسیکشن اور سرینا چوک کنونشن سنٹر انٹرسیکشن کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ تقریب سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبہ سے متعلق بریفنگ دی