اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر قیدیوں کو لے جانے والی پولیس کی 3 گاڑیوں پر حملے کے وقت ڈیوٹی کرنے والے غفلت کے مرتکب 3 اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)سمیت 13 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا۔نجی ٹی وی چینل رپورٹ کے مطابق سنگجانی میں قیدی وین پر حملے کی ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال دی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزمان اور ان سے ملاقات کے لیے آنے والے افراد نے انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی) کے احاطے اور اس کے گیٹ پر نعرے بازی کی۔اس کے علاوہ کچھ افراد قیدی وین کا تعاقب بھی کرتے رہے جب کہ قیدی وین پر ڈیوٹی کرنے والے اہلکاروں نے تمام معاملات پر افسران کو بروقت آگاہ نہیں کیا۔ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق تمام 13 اہلکاروں کی سی ڈی آر نکلوا لی گئی، غفلت کا مرتکب پائے جانے پر 3 اے ایس آئی سمیت 13 پولیس ملازمین کو معطل کردیا گیا،
معطل کیے گئے اہلکاروں میں 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 5 کانسٹیبل شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو اسلام آباد میں دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھڑانے کے لیے نامعلوم ملزمان نے قیدیوں کو لے جانے والی پولیس کی 3 گاڑیوں پر حملہ کیا تھا جسے ناکام بنا کر 4 مبینہ حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا تھا جب کہ حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے ملزمان سوار تھے، قیدی وینوں میں 150 سے زائد ملزمان موجود تھے جنہیں محفوظ طریقے سے جائے وقوع سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا تھا۔بعد ازاں پولیس نے معاملے کے ملزمان کو گرفتار کیا تھا جنہیں انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا تھا، تاہم 29 اکتوبر کو اے ٹی سی نے ان ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی۔