اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے 101ویں یوم جمہوریہ پرپاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط لازوال دوستی کا رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مضبوط تر ہو رہا ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے ترکیہ کے یوم جمہوریہ پر ترک حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے کہا ہے کہ ترکیہ نے ہمیشہ امت مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز اٹھائی ہے۔
ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ترکیہ کے 101 ویں یوم جمہوریہ پر مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ ترکیہ نے گزشتہ ایک صدی میں مختلف شعبوں میں مثالی ترقی کی ہے، امید ہے کہ ترکیہ صدر رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترقی کی مزید منازل طے کرے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان -ترکیہ تعلقات مشترکہ تاریخ، اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان اور اس کے عوام ترکیہ کی ترقی و خوشحالی کے متمنی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے اور پاک-ترکیہ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں،
علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے 101ویں یوم جمہوریہ پر ترکیہ کے عوام اور حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط لازوال دوستی کا رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مضبوط تر ہو رہا ہے۔منگل کووزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک عوام اور حکومت کے لئے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکیہ نے مثالی ترقی کی ہے۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دہائیوں پر محیط لازوال دوستی کا رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مضبوط تر ہو رہا ہے۔