سندھ حکومت اور سندھی عوام کشمیر کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، مراد علی شاہ

کراچی (صباح نیوز)وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کانفرنس کو یہ یقین دلایا ہے کہ سندھ حکومت اور سندھی عوام کشمیر کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت پاکستان اور سندھ کی عوام ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حامی ہیں اور ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔

کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیری عوام کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور پاکستان کا مسئلہ ہے،وہ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ایک وفدسے گفتگو کررہے تھے جس نے کنوینئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں 27 اکتوبر کے یوم سیاہ کے حوالے سے وزیراعلی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ،وزیر اعلی سے ملاقات میں صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ سعید غنی، صوبائی وزیر داخلہ قانون اور پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار بھی موجود تھے۔

کنوینئر غلام محمد صفی کی سربراہی میں وزیراعلی سے ملنے والے وفد میں حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد، سینئر حریت رہنما سید اعجاز احمد، عبد الحمید لون اور شیخ عبدالماجد شامل تھے۔ ملاقات میں سندھ حکومتی عہدیداروں کے ساتھ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔یوم سیاہ کے حوالے سے تبادلہ خیال میں 27 اکتوبر جس دن بھارت نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا تھا کی اہمیت کو اجاگر کی گیا۔

وفد نے وزیر اعلی سندھ کو کشمیر کے مسئلے کی تاریخی پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کے بدترین جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں۔ حریت وفد نے وزیر اعلی کو کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی پامالیوں اور ماورائے عدالت ہلاکتیں، حریت رہنماوں کی قید و بند کی حالت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کشمیر میں بھارتی فوج کی موجودگی، کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے محرومی اور میڈیا بلیک آوٹ کی صورتحال پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی کا بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھی عوام کشمیر کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کے حق کی حمایت پہلے بھی کرتے ر ہے ہیں اور اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی حاصل نہیں کریں گے۔وزیر اعلی سندھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان اور سندھ کی عوام ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حامی ہیں اور ہر ممکن سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ صرف کشمیری عوام کا نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ اور پاکستان کا مسئلہ ہے۔

حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے وزیر اعلی سندھ کے تعاون اور حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی حمایت کشمیری عوام کے لئے ایک حوصلہ افزا عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کر رہا ہے، لیکن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔کنوینئیر غلام محمد صفی نے وزیر اعلی سندھ اور ان کی حکومت کی جانب سے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی مکمل حمایت کے اعادے پر شکریہ ادا کیا۔