غلام محمد صفی کی قیادت میں حریت وفد کی کراچی میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے ملاقات


کراچی:حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک وفد نے کراچی میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر، نائب امیرمسلم پرویز، اور قیم جماعت توفیق الدین صدیقی سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی ۔

حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد میں ایڈوکیٹ پرویز احمد، سید اعجاز احمد شاہ، عبد الحمید لون،اور شیخ عبدالماجد بھی شامل تھے۔وفد نے جماعت اسلامی کراچی کے رہنمائوں کو 27اکتوبر کو منائے جانیوالے یوم سیاہ منانے کے موقع پر کراچی میں نکالی جانیوالی احتجاجی ریلی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیااور بھارت کے غاصبانہ اقدامات کی مذمت اور مسلم ممالک کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار اپنانے پر زور دیا گیا۔جماعت اسلامی کراچی کی قیادت نے اس موقع پر کہا کہ مسئلہ کشمیر ہمارا ذاتی مسئلہ ہے اورجماعت نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے مالی و عملی طور پر حصہ ڈالا ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیاکہ مستقبل میں اس سلسلے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر احتجاجی ریلی میں بھر پور شرکت کرکے کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی۔ جماعت اسلامی کی قیادت نے واضح کیا کہ وہ کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور بھارت سے مکمل آزادی تک ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی وفد نے جماعت اسلامی کے کردار اور قربانیوں کر سراہتے ہوئے 27اکتوبر کی ریلی میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر شکریہ ادا کیا۔