مظفرآباد(صباح نیوز)حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے کہا ہے کہ سونہ مرگ میں نا معلوم مسلح افراد کے ہاتھوں بھارتی تعمیراتی کمپنی کے ڈاکٹر سمیت سات افراد کو ہلاک اور پانچ کو زخمی کرنے کا واقعہ انتہائی دلدوز اور وحشیانہ عمل ہے ۔اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔
ایک بیان میںحزب سربراہ نے کہا کہ میں یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اس واقعہ میں کوئی جہادی تنظیم ملوث ہوسکتی ہے نہ مجاھد کیونکہ اسلام اور مجاہدین کے ضابطہ اخلاق میں اسکی کوء گنجائش نہیں ہے۔یہ قابض ایجنسیوں کے زیراثر سرکاری بندوق برداروں کی کی ہوئی چھٹی سنگ پورہ جیسی کاروائی ہے۔مجاہدین کسی بھی نہتے شخص کو قتل کرنا پوری انسانیت کا قتل کرنے کے مترادف سمجھتے ہیں۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ مودی سرکار مستقبل میں کوئی نیا خونی کھیل کھیلنے کی تیاری کررہی ہے اور اس کیلئے اس طرح کے دہشت گردانہ واقعات کی آڑ لے کر وہ اپنے خونی منصوبوں پر عملدرآمد کرنا چاہتی ہے ۔
سید صلاح الدین احمد نے واضح کیا کہ نہ صرف کشمیری حریت پسند عوام بلکہ عالمی برادری بھی موجودہ بھارتی حکومت کے ان سازشی حربوں سے واقف ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انسانی حقوق سے متعلق عالمی ادارہ اس واقع کی تحقیق کرکے حقائق سامنے لائے سید صلاح الدین احمد نے اس واقعے میں قتل اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے