صوبائی امیر جماعت اسلامی کاشف سعید کی نثار کھوڑو سے ٹیلفون پر رابطہ، گھر پر کریکر دھماکے کی مذمت

کراچی (صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سے ٹیلفون پر رابط کرکے ان کی لاڑکانہ والی رہائش گاہ پر کریکر دھماکے پر اظہار افسوس اور تفصیلات معلوم کیں۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثار احمد کھوڑو نے نومنتخب امیر کو سندھ کا امیر مقرر ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک تمنائوں اور استقامت کی دعا کی۔

کاشف سعید شیخ نے نثارکھوڑو کی رہائش گاہ پر ہونے والے کریکر حملے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان نہ ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ بہت جلد تخریب کاروں کو گرفتار کیا جائے گا۔ نومنتخب امیر صوبہ نے کریکر دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ واقعہ سندھ کی اصل شناخت کو مسخ کرکے نفرتوں کو جنم اور افراتفری کا ماحول بنانے کی کوشش ہے۔سندھ میں رہنے والاہر باشندہ نظریاتی و فکری اختلافات کے باوجود ایک دوسرے اور سیاسی رہنمائوں کا احترام کرتا ہے کیونکہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی  کی سرزمین سندھ امن پیار اور محبت کی سرزمین ہے، اس طرح کے واقعات کے ذریعے امن خراب کرنے والے رواداری، جمہوریت اور سندھ کے دشمن ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، سندھ کے عوامی مسائل کے حل کیلئے آئندہ بھی باہمی رابطے میں رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن اور بیرونی آقائوں کے اشاروں پر چلنے والے دہشت گرد ہر محب وطن کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن پورا پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے متحد ہے۔

ریاستی اداروں اور انتظامیہ کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاری کرنے والوں کے ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے ہر وقت چوکس ہونا پڑے گا۔ شو پیس کے تحت چند تنظیمیں دہشتگردی کے واقعات کی ذمہ داریاں قبول کرتی ہیں مگر ان کے پیچھے اصل ملک دشمن قوتیں ہیں جو ان کو فنڈنگ کررہے ہیں،عالمی نام نہاد طاقتیں پاکستان میں انتشار پیدا کرنے چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت واقعہ کی شفاف تحقیقات کرکے مجرموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔