کراچی (صباح نیوز)اورنگی ٹاون میں جماعت اسلامی کی جد وجہد، تاجروں کی ہمت اور پولیس کی کوششیں رنگ لے آئیں ، بھتہ کی پرچیاں دے کر رقم وصول کرنے والا گروہ پکڑا گیا،گروہ کا سرغنہ مقابلے میں ہلاک ہوگیا ، جماعت اسلامی ضلع غربی کا ایس ایس پی ویسٹ اور ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو خراج تحسین ، امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری اور نائب امیر شہباز خالد نے اس موقع پر کہا کہ پولیس کی جانب سے بھتہ مافیا کی گرفتاری یقینا ایک اہم قدم ہے، جس پر ان کی کارکردگی اور کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور شہر میں امن و امان کی بحالی کے لیے ایسے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔
اس کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، کیونکہ یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے ۔جماعت اسلامی کے رہنماوں نے اس موقع پر تاجروں کے ہمت وحوصلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم اپنے حق کیلیے ڈٹ جائیں تو کوئی بدمعاشی نہیں کرسکے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میں بھی اس طرح کی حرکت کرے تو خوفزدہ ہو نے کے بجائے پولیس اور جماعت اسلامی سے رجوع کیا جائے جماعت کسی موقع پر تاجروں اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔