پورے ملک میں عدل و انصاف اور احتساب کا نظام قائم کریں گے ۔ امیر العظیم

لاہو ر(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے دیگر پارٹیاں خاندانی انٹرپرائز ہیں، جماعت اسلامی میں احتساب کا کڑا نظام رائج ہے، عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر پورے ملک میں عدل و انصاف اور احتساب کا نظام قائم کریں گے۔ جو شخص جماعت اسلامی کا ممبر بنتا ہے وہ کسی فرد کے ہاتھ پر بیعت نہیں کرتا بلکہ اللہ اور اس کے رسولۖ کے دیے گئے نظام کی تابعداری کا حلف اٹھاتا ہے اور اسے رائج کرنے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔

منصورہ میں نو منتخب امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی عوام کو حق دو تحریک جاری ہے، حکومت سے راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد کرائیں گے، ممبر شپ کمپین 31اکتوبر تک جاری رہے گی۔ حکمران عوام کو سستی بجلی فراہم کریں، آئی پی پیز سے معاہدے ختم کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کو تمام اپوزیشن جماعتیں مکمل طور پر مسترد کر دیں، یہ ترمیم عدلیہ کو کنٹرول میں کرنے کے لیے ہے،

جماعت اسلامی کا اس پر بڑا واضح اور جاندار موقف ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے مسائل کاحل اسلامی نظام کا نفاذ ہے۔تقریب حلف برداری سے نومنتخب امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کے سیاسی مشیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ،شیخ القرآن مولانا عبدالمالک، سینئر رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس بھی موجود تھے۔