کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے 5 کان کن جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو زندہ بچا لیا گیا۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کی تحصیل شاہرگ میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے 6 مزدور پھنس گئے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور کان سے ایک مزدور کو زندہ نکال لیا گیا
جبکہ باقی مزدوروں کے لیے آپریشن تیزی سے جاری رکھا گیا۔تاہم پانچ مزدوروں کو زندہ نکالنے کے لیے جاری کوششیں ناکام ہوگئیں اور ان 5 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں جو زہریلی گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔جاں بحق کان کنوں کا تعلق افغانستان کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے اور لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی جائیں گی۔