اسلام آباد (صباح نیوز) گوادربندرگاہ پر اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ،کمیٹی درآمدات و برآمدات کی سہ ماہی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی،چینی کی چینی برآمد کے حوالے سے کابینہ کے بہتر فیصلے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے قراردیا گیا ہے کہ اس فیصلہ سے چینی کی قیمتیں کنٹرول میں رہیں،گنے کے کاشتکاروں کو بھی کو ان کی محنت کا صلہ ملا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔کابینہ نے وزارت مواصلات کی سفارش پر پاکستان اور سری لنکا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر یادگاری پوسٹل سٹیمپ کے اجرا کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی منظوری دے دی۔
اجلاس کے جاری اعلامیہ کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے چینی کی برآمد کے حوالے سے قائم کی کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ وفاقی کابینہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ چینی کی برآمد کے حوالے سے کابینہ کے ایک بہتر فیصلے کی وجہ سے نہ صرف ملک قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوا بلکہ چینی کی قیمتیں بھی کنٹرول میں رہیں اور گنے کے کاشتکاروں کو بھی کو ان کی محنت کا صلہ ملا۔ وزارت بحری امور کی سفارش پر تمام سرکاری اداروں کو اپنی متعلقہ درآمدات جیسا کہ گندم، چینی ،کھاد کے 50 فیصد حصے کو گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے اندرون ملک رسائی دینے کی ہدایات جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور گوادر کی بندرگاہ کے آپریشنز کو بڑھانے کے حوالے سے یہ ہدایات جاری کی تھیں کہ پبلک سیکٹر درآمدات کا 50 فیصد حصہ گوادر پورٹ کے ذریعے اندرون ملک لایا جائے۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں گوادر پورٹ سے برآمدات کی شرح بھی بڑھائی جائے۔
اس حوالے سے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو گوادر پورٹ سے درآمدات و برآمدات کی سہ ماہی رپورٹ کابینہ کو پیش کرے گی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر کورنگی فش ہاربر اتھارٹی، کراچی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے ہدایت کی کہ اس طرح کے حکومتی بورڈز میں تمام صوبوں کو نمائیندگی دی جائے۔ کابینہ نے مزید ہدایت کی کہ جن سرکاری ملکیتی کارپوریشنز کے بورڈز مکمل نہیں ہیں انہیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر محمد یعقوب، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ، کی بطور فیڈرل انسپکٹر ڈرگ بلوچستان تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وزارت منصوبہ بندی کی سفارش پر پلاننگ کمیشن ممبران کی اوپن مارکیٹ سے تعیناتی کے حوالے سے 30 اکتوبر 2013 کی کابینہ قراداد میں ترمیم کی منظوری دے دی۔ اس ترمیم کے تحت پلاننگ کمیشن کے ممبران کی تنخواہ مینجمنٹ پے اسکیل کی بجائے اسپیشل پروفیشنل پے اسکیل -II(ایس پی پی ایس -II) میں مقرر کی جائے گی۔ مزید برآں پلاننگ کمیشن کے چیف اکونامسٹ جس کی تعیناتی اوپن مارکیٹ سے کہ جائے گی، کی تنخواہ اسپیشل پروفیشنل پے اسکیل- I (ایس پی پی ایس- I) میں مقرر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ریونیو ڈویژن کی سفارش پر انسپکٹر ان لینڈ ریونیو گریڈ سولہ کی آسامیوں کے لئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو ڈیپارٹمینٹل پروموشن امتحانات منعقد کرانے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 29 اگست 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کے علاوہ کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادراہ جات کے 2 ستمبر 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی گئی ہے ۔