کشمیر پراپرٹی کی فروخت کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کا جاری کردہ 3 ستمبر کا نوٹیفکیشن منسوخ

اسلام آباد (صباح نیوز)حکومت پاکستان نے کشمیر پراپرٹی کی فروخت کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی کا جاری کردہ 3 ستمبر کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا۔کمیٹی کا آج ہونے والا اجلاس بھی غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا۔وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جاری دو الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر کشمیر پراپرٹی جو کہ پاکستان کے چند شہروں میں موجود ہے کی فروخت کے لیئے بنائی گئی کمیٹی کا نوٹیفکیشن تاریخ اجراء سے ہی منسوخ کر دیا گیا جبکہ دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق آج 12 ستمبر کو ہونے والا کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ آزاد کشمیر جاوید بٹ اور کشمیر کونسل کے چھ  ممبران خواجہ طارق سعید،سردار عبدالرزاق خان،شجاع خورشید راٹھور،محمد یونس میر،محمد حنیف ملک اور محمد عدنان خالد نے بھی متفقہ طور پر اپنے دستخطوں کے ساتھ وزیراعظم پاکستان (چیئرمین کشمیر کونسل) کو خط لکھا تھا اور کمیٹی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔