حیدرآباد(صباح نیوز) حیدر آباد میں رواں سال پولیو کا 16 واں کیس رپورٹ ہوا ہے۔
انسدادِ پولیو پروگرام کے حکام کے مطابق حیدر آباد میں 29 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو انوارالحق کے مطابق پولیو کیس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، حیدر آباد اور کراچی کے اضلاع میں پولیو وائرس کئی ماہ سے موجود ہے۔
دوسری جانب وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ پولیو کا کہیں بھی ہونا ہر بچے کے لئے خطرہ ہے، صوبوں کی مشاورت سے پولیو کا پھیلائو روکنے کے لئے جامع روڈ میپ پر عمل ہو رہا ہے۔عائشہ رضا نے کہا کہ پولیو سے متاثرہ اضلاع میں ستمبر میں انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی۔