کراچی(صباح نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خطے میں امن کیلئے کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔
یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں سابق صدرنے کہا کہ ہماری حکومت ہوتی تو مودی مقبوضہ کشمیر کی تاریخی حیثیت ختم کرنے کی جرات نہ کرتا، ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے کشمیری جبر و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں،کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی، سفارتی حمایت ہمارے منشور کا حصہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو کشمیر کی آزادی کیلئے رائے عامہ تیار کرتی ہے، خطے میں امن کیلئے کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی ذوالفقار علی بھٹو کا خواب تھا، پی پی پی قائد عوام کے خواب کی تعبیر کرے گی۔