دنیا اسرائیل سے اپنا ناطہ توڑ رہی ہے، پروفیسر محمد ابراہیم خان


پشاور(صباح نیوز)  امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ دنیا اسرائیل سے اپنا ناطہ توڑ رہی ہے، اسرائیل ہزیمت ناک شکست سے دو چار ہوچکا ہے۔ ڈچ ائیر لائین کے ایل ایم، کویت ائیرلائن، روئل جورڈینئن ائیرلائنز، ائیر فرانس، لفتانسہ اور سویس انٹرنیشنل ائیرلائنز سمیت دیگر ممالک کی فضائی کمپنیوں کے اسرائیل سے فضائی رابطہ منقطع کرنا اسرائیل کی بدترین شکست ہے، بڑی تعداد میں اسرائیل سے شہری دوسرے ممالک کو بھاگ رہے ہیں۔ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو شہید کرنا اسرائیل کی بڑی غلطی ہے۔ مسلمان ممالک اسرائیل کے خلاف متحد ہوں

ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی سے جاری بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں ظلم کی انتہا کردی ہے۔ اب تک خواتین اور بچوں سمیت چالیس ہزار سے زائد افراد شہید کردیے گئے ہیں، ہزاروں زخمی اور لاپتہ ہیں۔ اس کے باجود اسرائیل حماس کو شکست نہ دے سکا۔انھوں نے کہا کہ امریکہ خطے میں اپنی عسکری طاقت اسلحہ و گولہ بارود اور فوجی بھیج رہا ہے تاکہ اسرائیل کو اس ہزیمت ناک شکست سے بچایا جا سکے۔ یہ انتہائی تشویشناک اور خطرناک ہے۔ ہم اس پر امریکہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے پاکستان اور پوری اسلامی دنیا سے اپیل کی کہ مشرق وسطی میں فوجی طاقت میں اضافے اور اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت پر امریکہ کے خلاف احتجاج کریں، امریکہ سے اپنے سفرا واپس بلا لیں اور اپنے ممالک میں امریکہ کے سفیروں کو دفترِ خارجہ میں طلب کرکے احتجاج بھی کریں۔ انھوں نے کہا کہ عالمی عدالت نے اسرائیل کو دہشت گرد ملک اور مجرم قرار دیا ہے، امریکہ اس مجرم اور دہشت گرد اسرائیل کو بچانے سے باز آ جائے۔ساری دنیا سنگین ترین انسانیت سوز جرائم کے بدترین مرتکب اسرائیل اور اس کے پشتیبان امریکہ دونوں کا ہر طرح سے بائیکاٹ کرے۔