کل کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے، پاکستان


اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کل (ہفتہ کو) بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیر سے بھارتی فوج کا محاصرہ چھڑائے،افغان سرحد سے دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں،ہم مسلسل افغان حکام کے ساتھ معاملہ اٹھاتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے دور ے پر ہیں اور وزیراعظم کی چینی اعلی حکام سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بہترین تعلقات پائے جاتے ہیں اور دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے ایم اویوز اور معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی ظلم و بربریت کی مذمت کرتا ہے اور آج (ہفتہ کو) بھارتی مظالم کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منائیں گے۔

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔انہوں نے کہا کہ جنوری سے ابتک مزید 24 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، عالمی برادری کشمیر سے بھارتی فوج کا محاصرہ چھڑائے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھا ہے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر عالمی برادری کا ردعمل آیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاہے کہ بلوچستان کی صورتحال کے حوالے سے بھارتی دفتر خارجہ کا بیان بے بنیاد ہے۔ترجمان کے مطابق بلوچستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھارتی الزام بے بنیاد ہے، بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بے بنیاد الزام عائد کرتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ نریندر مودی کے دورہ پاکستان کا کوئی علم نہیں، مسعودخان کے امریکا میں بطور سفیر تعیناتی کا عمل جاری ہے۔