ملی یکجہتی کونسل کا5فروری کو یوم یکجہتی کشمیربھرپور اندازمیں منانے کا اعلان


اسلام آباد ( صباح نیوز ) ملی یکجہتی کونسل نے5فروری کو یوم یکجہتی کشمیربھرپور اندازمیں منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کانفرنسز، ریلیاں اور مظاہرے کئے جائیں گے۔ ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں نے یوم یکجہتی پر کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کی تجدیدکرنے کااعلان کیا ہے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ راجہ ناصر ،اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی ، پیر عبد الشکور نقشبندی ،مفتی گلزار احمد نعیمی ، پیر سید صفدر گیلانی ،سید ثاقب اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملی یکجہتی کو نسل کے زیر اہتمام 5 فروری کو ملک بھر میں اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں ، جلسے ، سیمینار اور احتجاجی مظاہرے کیے جا ئیں گے،اس سلسلے میں ملک بھر کی طر ح اسلام آباد جی نائن میں جلسہ عام کیا جا ئے گا ،پانچ فروری منانے کا مقصد کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں،زندگی کی آخری سانس تک کشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی جا ئے گی،کشمیری اس وقت تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز سے منائے گی

انھوں نے کہاآج 913 دن ہو گئے کہ 80 لاکھ لوگ محاصرے میں ہیں، ہمارے حکمرانوں نے حق خودارادیت کے موقف پر ہمیشہ کمزوری دکھائی ہے ،مسئلہ کشمیر کے حل اور عالمی سطح پر درست اندازمیں پیش کر نے کے لیے ڈپٹی وزیر خارجہ تعینات کیا جا ئے،مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی مگر ہماری حکومت نے اس پر مجر مانہ خاموشی کا مظاہرہ کیا،دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کیے جا ئے ،

میاں محمد اسلم نے کہا کشمیر کی جغرافیائی تبدیلی کے لیے لاکھوں لوگوں کے ڈومیسائل بنائے جا رہے ہیں،آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے، یہ چند سیکنڈ کی خاموشی ، ایک روز کے احتجاج اورکشمیر ہائی وے کا نام سری نگر رکھنے سے کشمیر آزاد نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی فوڈ سیکورٹی کشمیر کی آزادی سے مشروط ہے ہمارے ملک کی کھیتیاں کشمیر سے آنے والے پانی کی مرہون منت ہیں

انہوں نے کہاکہ 23بار اقوام متحدہ کی قراردادوں کی تجدید کے باوجود کشمیری بھارتی ظلم و بربریت کا شکار ہیں ، پاکستانی حکمرانوں کی کوتاہیوں کے باوجود ملک کے عوام کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ۔

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس نے کہا یکجہتی کشمیر پر ہم سب کا دل کشمیریوں کیلئے دھڑکتا ہے ، 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ پوری قوم اظہار یکجہتی کرے گی،کشمیری قیام پاکستان کے وقت سے پاکستان کے تحفظ اور تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں، ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیر کی اندرونی قیادت کو مستحکم کرنا چاہیے ، ان کی قیادت کو مودی اسٹیبلشمنٹ سے لڑنے کے لیے طاقتور کیا جائے

انھوں نے کہا اگر مسئلہ کشمیر کو اس انداز سے مدد کی تو انڈیا باقی نہیں رہ پائے گا۔س۔،قبرستان آباد ہو گئے آبادیاں ویران ہو گئیں، ہزاروں بچیوں نے ہماری جنگ کیلیے اپنی عصمتوں کو قربان کیا ہے

تحریک جوانان پاکستان کے سربراہ عبد اللہ گل نے کہا کہ پاکستان کو اس مسئلے کے حل کے لیے کسی مدد کے بجائے خود اقدام کرنا ہوگا جس طرح چین نے اپنے علاقوں کو واگزار کیا ہے، ہمارے دفتر خارجہ کو اقوام متحدہ کو خط لکھنا چاہیے کہ آرٹیکل 370 A کے خاتمے کے بعد عالمی چارٹر سے جدا ہو چکا ہے، اس کی کسی بات کو ا?ئندہ اہمیت نہ دی جائے۔ بھارت نے کشمیر میں ترنگا لہرا دیا ہے اور خاموش ہیں

دیگر قائدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت جان بوجھ کشمیر کاز کو پس پشت ڈال رہی ہے، پاکستان کو دوستی کا معیار کشمیر رکھنا چاہیے جو کشمیر کے مسئلے پر ہمارا ساتھ دے وہ ہمارا دوست ہے اور جو اس کاز میں ہمارے ساتھ نہیں ہے وہ ہمارا دوست نہیں ہو سکتا۔