سیدنا امام حسین کی قربانی ہمیں یزیدی قوتوں کیخلاف مزاحمت کا درس دیتی ہے،یزید بھی فارم47کی پیداوار تھے۔حافظ نصراللہ

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ نواسہ رسولۖ سیدنا امام حسین  کی قربانی ہمیں یزیدی قوتوں کیخلاف مزاحمت کا درس دیتی ہے،یزید بھی فارم47کے تحت اقتدار میں آئے تھے جن کیخلاف امام حسین  نے علم بغاوت بلند کرکے خلافت کے نظام کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، موجودہ حکمران بھی فارم 47کی پیداوار ہیں جن کو عوام نے منتخب نہیں کیا بلکہ اسٹیبلشمنٹ نے مسلط کیا ہے جنہوں نے اقتدار میں آتے ہی بجلی،گیس، پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ظالمانہ ٹیکسز عائد کرکے دور یزید کی یاد تازہ کردی ہے اسلئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن حسینی مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ظالم قوتوں کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں اور 26جولائی کو ڈی چوک اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڈاپ، جھرک اورٹھٹہ میں دعوتی اجتماعات اور شہادت حسین  کانفرنسوں سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین  کی شہادت ہمیں حق کی راہ میں ہر قسم کی قربانی دینے کا پیغام دیتی ہے، ماہ محرم اور یومِ عاشور کا دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ حضرت امام حسین  کی حق کیلئے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے، اس دن امام حسین نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔#