کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دیگر پارٹیوں یا سیاسی گروہوں کی طرح کوئی جماعت نہیں بلکہ یہ اقامت دین کی منظم تحریک اور عوامی مسائل پر جدوجہد کی علامت ہے ،جماعت اسلامی لوگوں کو کسی ذات، برادری، رنگ و نسل یا مسلک کی طرف نہیں بلکہ صرف اللہ اور اس کے رسول ۖ کی اطاعت و فرما نبرداری کی طرف بلاتی ہے۔ہماری دعوت اللہ کی زمین پر اللہ کی حکمرانی قائم کرنا اور اللہ کے بندوں کو صرف اور صرف اللہ کی بندگی میں لانا ہے۔جماعت اسلامی پوری امت کا ایک جسد واحد ہونے کے تصور پر یقین رکھتی ہے، دنیا بھر میں جہاں جہاں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ان کے حق میں آواز بلند کرتی اور اتحاد امت اور ہم آہنگی کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتی ہے۔کارکنان حق دو کراچی مہم کو مزید تیز کریں ،افرادی قوت میں اضافہ کریں اورہفتہ وار درس قرآن وحدیث کا اہتمام کریں ،شہر میں جماعت اسلامی کے لیے دعوت کا میدان کھلا ہے۔ 25 میں سے 9 ٹاون جماعت اسلامی کے پاس ہیں اور بقیہ ٹاونز میں بھی جماعت اسلامی اچھی پوزیشن پر ہے۔ کارکنان جماعت ہر یوسی میں بلاک کوڈ کی سطح پر کام کریں،پانی ، بجلی کے شدید بحران کے خلاف جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک اور واٹر کارپوریشن کے خلاف جدوجہد کے ذریعے عوام کی ترجمانی کی ہے ،عوام کو حکومت سے ریلیف بھی دلوائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ فیصل کینٹ سفاری کے تحت دفتر ضلع شرقی میں ایک روزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ سے طریقہ دعوت اور اس کی حکمتیں کے عنوان سے سابق نائب امیرجماعت اسلامی کراچی محمد اقبال،نائب امیر ضلع شرقی وقاص اعظمی،ناظم علاقہ طاہر حسنین زیدی،نائب ناظم علاقہ اسد علی قریشی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔تربیت گاہ میں چرم مہم قربانی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور اسد علی قریشی نے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی نہ صرف دعوت ِ الی اللہ کا فریضہ انجام دے رہی ہے بلکہ عوامی خدمات اور مسائل کے حل کے لیے بھی سر گرمِ عمل ہے اور یہ کام بھی خلقِ خدا کی خدمت کے جذبے کے تحت انجام دیے جاتے ہیں۔ ہماری تحریک اور جدو جہد میں ارکان ِ جماعت کا کردار بہت اہم ہے۔ ان پر بڑی ذمے داریاں عاید ہو تی ہیں۔ اس تحریک میں شامل ہو کر دین کو قائم کرنے کی جدو جہد کرنے کا مقصد رضائے الٰہی اور جنت کا حصول ہے۔ جماعت اسلامی ایک اجتماعیت کا نام بھی ہے ۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے اس نے ہمیں اقامت دین کی اس تحریک اور اجتماعیت سے وابستہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ دین چند مخصوص چیزوں کا نام نہیں بلکہ کل کا نام ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن کی مثال اس کسان کی طرح ہے جو ہر لمحہ اپنے کھیتوں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ کارکن کی ذمہ داری ہے کہ معاشرے میں افراد کی اصلاح کے لیے کام کریں۔ جماعت اسلامی میں ایسے کارکنان موجود ہیں جنہوںنے امانت ودیانت کی مثالیں قائم کیں ،بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے لوگوں کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی دے دی گئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے فارم 47کے مطابق جیتی ہوئی نشست واپس کردی۔