کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے مرکزی امیرحافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر مہنگائی ،بجلی بلوں میں اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف اتوار کو کراچی ،حیدرآباد،لاڑکانہ ،میرپور خاص ،ٹھٹھہ ،ٹنڈوآدم ،جیکب آباد، کشمور کندھکوٹ سمیت متعدد شہروں میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے گئے۔ جس میں شرکاء نے مہنگائی بجلی بلوں میں اضافے لوڈشیڈنگ کے خلاف سخت نعرے بازی اور ظالمانہ اور ناجائز ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مرکزی ،صوبائی ، ضلعی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے بجٹ میں عوام کے ریلیف دینے کی بجائے آئی ایم ایف کیاشاروں پر بجلی بلوں میں اضافے اور ظالمانہ ٹیکسز عائد کر کے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے26۔ جولائی کو حکومت کے عوام دشمن فیصلوں کے خلاف حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں اسلام آباد ڈی چوک پر احتجاجی دھرنا عوام کی دلوں کی آواز ہے جس میں سندھ بھر سے بھی عوام بھرپور شرکت کریں گے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کیلئے سخت گرمی کے باوجود سڑکوں پر ہے انشاء اللہ پرامن جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبورکردیں گے۔جیکب آباد پریس کلب پر ضلعی امیر حاجی دیدار علی لاشاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہر ہ اورد ھرنا دیا گیا۔ سخت گرمی کے باوجود کارکن پر جوش ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکریٹری ممتازحسین سہتو نے کہا کہ آج کے احتجاج کے ذریعے عوام نے حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے حکمران عوام پر روزانہ مہنگائی کی بمباری کرنے کی بجائے شاہی اخراجات اور مفت خوری ختم کر کے سادگی کا راستہ اختیار کریں۔
وزیراعظم شہبازشریف وضاحت کریں کہ ان پرکس کا دباء اورکون دباء ڈال رہا ہے۔عوام کی طاقت کی بجائے خیرات اورچوردروازے سے بننے والی حکومتیں زیادہ دیرتک نہیں چل سکتی۔ٹنڈومحمد خان پریس کلب پر دھرنے سے صوبائی نائب امیر حافظ نصر اللہ چنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر تیارشدہ بجٹ عوام پر مسلط کیا ہے اوربڑ ی ڈھٹائی کے ساتھ پھر وزیر اعظم اس کا فخریہ انداز میں اعتراف بھی کرتے ہیں جو کہ ہماری آزادی ہماری خود مختاری پر کلنک کا ٹیکہ ہے ۔عوام کو حقیقی آزادی اور خوشحالی کیلئے آئی ایم ایف اور اس کے آلہ کاروںسے نجات پانا نا گزیر ہے اس لیے دور حاضر کے یزیدوں کے خلاف نکلنا امام عالی مقام کی سنت ہے۔میرپورخاص میں سبز ی منڈی چوک پر مقامی امیر حاجی نور الٰہی مغل، ٹھٹھہ پریس کلب پر عبداللہ آدم گندرو لاڑکانہ پریس کلب پر رمیزراجہ شیخ کی قیادت میں احتجاج کیا گیا۔#