بجلی و پانی کے ٹیرف میں اضافہ عوام پر مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں . منعم ظفر خان

کراچی(صبا ح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے وفاقی حکومت و نیپرا کی جانب سے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7.12فی یونٹ اضافے 200سے 1ہزار روپے تک فکسڈ چارجز کے نفاذ اور سندھ حکومت کے ماتحت ادارے واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی کے ٹیکسوں میں 9کے بجائے 30فیصد اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عوا م پر ہر طرف سے مہنگائی بم گرائے جارہے ہیں ،بجلی نرخوں میں مزید اضافہ اور فکسڈ چارجز حکومت کا ایک اور عوام دشمن فیصلہ ہے ، سخت گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ ، بجلی کے بھاری بلوں ،ظالمانہ سلیب سسٹم اور آئی ایم ایف کے بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن بناکر رکھ دی ہے ، 300یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے حکمران اقتدار میں آکر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسارہے ہیں اور غریبوں کو کہیں سے کوئی ریلیف نہیں مل رہا۔

منعم ظفر خان نے کہاکہ شہر میں بجلی و پانی کا بدترین بحران جاری ہے ، ٹینکر مافیا کا راج ہے ،عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ، سندھ حکومت ، قبضہ میئر اور واٹر کارپوریشن عوام کو پانی فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہیں اور پانی سے محروم عوام جگہ جگہ احتجاج کررہے ہیں ،ایک طرف پانی کی قلت نے عوام کو شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار بنارکھا ہے تو دوسری جانب واٹر کارپوریشن پانی کے بلوں میںاضافے کی تیاریاں کررہی ہے جس کا کوئی جواز نہیں ،پانی کے بلوں میں سالانہ 9فیصد اضافہ کیا جاتا ہے لیکن قبضہ میئر کی چیئرمین شپ میں واٹر کارپوریشن 9کے بجائے 30فیصد اضافہ کرنا چاہتی ہے جسے کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جائے گا،جماعت اسلامی اس مسئلے کو سٹی کونسل میں اٹھائے گی ،قبضہ میئر اور واٹر کارپوریشن پانی کے بلوں میں 30فیصد اضافے سے باز رہیں ۔ #