کراچی/ہالا(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی، بدامنی، بجلی کے بلز نے عوام کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے، انتخابی مہم کے دوران 300 یونٹ فری بجلی دینے کے دعویدار حکمرانوں نے بجلی بلز میں مسلسل اضافہ کرکے عوام کی زندگی زہر بنادی ہے، عوام ایسے دھوکے باز حکمرانوں کو اپنے وعدے یاد دلائیں،ملکی تاریخ میں سب سے بدترین اور عوام دشمن بجٹ پیش کرکے زرداری اور شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی نمک حلالی کا ثبوت دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہالا میں نیشنل ہائے وے تا اللہ والاچوک تک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شرکا کی جانب سے (بجلی بلز کم کرو،مہنگائی، بے امنی ختم کرو،حکمرانو شرم کرو آئی ایم ایف کی غلامی بند کرو) کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے، احتجاجی مظاہرے سے ضلع مٹیاری کے امیر امین لاکھو، فقیر محمد لاکھو، ایڈوکیٹ عاشق دھامراہ نے بھی خطاب کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ 26 جولائی کو اسلام آباد میں حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں تاریخی دھرنا دیا جائے گا، ظالمانہ نظام اور مظلوموں کی حمایت ،مہنگائی، بے روزگاری،آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کی پرامن جدوجہد جاری رہے گی۔#