فورسز کے کیمپوں پر حملے میں15دہشتگردہلاک،4 جوان شہید ہوئے ،شیخ رشید


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پنجگور اور نوشکی میں سکیورٹی فورسز کے کیمپوں پر دہشتگرد حملوں کو ناکام بنادیا گیا ہے اورحملہ کرنے والے15دہشت گردوں کوہلاک کردیا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے چار جوان شہید ہوئے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے رات گئے نوشکی اور پنجگور میں ایک بڑا حملہ کیا جسے ہماری عظیم افواج نے ناکام بنادیا اور نوشکی میں 9دہشت گر مارے گئے اور چارپاک فوج کے عظیم جوان بھی شہید ہوئے اور پنجگور میں 6دہشت گردمارے گئے۔ پنجگور اورنوشکی دونوں جگہوں سے باہر دھکیل دیا گیا اورعظیم فوج نے اپنی روایات زندہ رکھیں۔ تھوڑے سے چاریا پانچ لوگ اس وقت بھی پنجگور میں ان کے گھیرے میں ہیں جن کو پاک فوج شکست فاش دے گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ایک عظیم کامیابی ہے جو پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف حسب معمول حاصل کی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حملے پسپا کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی دہشتگردی کے مقابلے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، دہشتگردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کے عزم و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز دہشتگردوں کو کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گی ۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ دہشت گرد حملوں کی پیشگی اطلاع تھی جس سے متعلق ہم نے صوبوں کو آگاہ کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چیف سیکرٹریز کو بھی ممکنہ حملوں سے آگاہ کیا تھا۔ دہشت گردوں کے زیراستعمال وہی اسلحہ ہے جو افغانستان میں چھوڑا گیا جبکہ افغانستان اور بھارت میں کالعدم ٹی ٹی پی دوبارہ سے رابطوں میں ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹی ٹی پی سے ہمارے معاملات طے نہیں پاسکے، پاک فوج دہشت گردی کی کوششوں کوناکام بنائے گی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ نوشکی میں ہنگامی طور پر موبائل فون سروس معطل کر رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔دہشت گردوں کی کارروائیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 5فروری کویوم کشمیرہے اور23مارچ کوپریڈہے، ملک دشمن وقت کے لحاظ سے دہشت گردی کی کوشش کررہے ہیں،