این اے 130، نوازشریف کی کامیابی کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب


لاہور (صباح نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل نے لیگی صدر میاں نواز شریف کی عام انتخابات میں کامیابی کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے  پر دلائل طلب کر لئے۔

لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن ٹریبونل کے جج انوار حسین نے عام انتخابات میں حلقہ این اے 130 سے میاں نواز شریف کی کامیابی کیخلاف حریف امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت ٹریبونل نے استفسار کیا کہ اس درخواست میں نوٹس ہو چکے ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ نہیں اس میں نوٹس نہیں ہوئے۔بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے نواز شریف کی حلقہ این سے 130 سے کامیابی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے کارروائی ستمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ این اے 130 سے سنی اتحاد کونسل کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے عام انتخابات میں نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر درخواست میں مقف اپنایا گیا کہ نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130 سے دھاندلی کے ذریعے کامیاب قرار پائے، لیگی امیدوار فارم 45 کے مطابق ہار چکے تھے مگر فارم 47 کے ذریعے انہیں جتوا دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ٹریبونل لاہور کے حلقہ این اے 130 سے میاں نواز شریف کی کامیابی کو کالعدم قرار دے۔