کے پی میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے زائد نہ ہو، محکمہ داخلہ کی کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرزکوہدایت


پشاور(صباح نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے صوبہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے نوٹس پر صوبائی محکمہ داخلہ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بعض مقامات پر 22 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، بعض اضلاع میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج بھی ہو رہے ہیں، وزیراعلیٰ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پیسکو حکام سے میٹنگ کی ہدایات دی ہیں۔

خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز لوڈشیڈنگ کے اوقات کی مانیٹرنگ کریں، کسی بھی ضلع میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے سے زائد نہ ہو، خرابی کی صورت میں کم سے کم وقت میں بجلی بحال کی جائے۔